ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / موصل:موبیلائزیشن ملیشیاؤں کا تلعفر ایئرپورٹ پر کنٹرول

موصل:موبیلائزیشن ملیشیاؤں کا تلعفر ایئرپورٹ پر کنٹرول

Thu, 17 Nov 2016 15:58:51    S.O. News Service

بغداد،17نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)عراق میں فرقہ وارانہ پاپولر موبیلائزیشن کے زیر انتظام ایک جماعت نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ اس نے موصل شہر کے مغرب میں تلعفر کے فضائی اڈے پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ یہ پیش رفت عراق میں داعش کے زیر قبضہ آخری بڑے شہر موصل کی آزادی کے لیے جاری عسکری مہم کے سلسلے میں سامنے آئی ہے۔تلعفر پر کنٹرول موصل اور شام میں داعش کے زیر قبضہ اراضی کے درمیان دہشت گرد تنظیم کی سپلائی لائن منقطع کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔موصل کے مشرق میں عراقی فورسز بدھ کے روز داعش تنظیم کے خلاف سڑکوں پر لڑائی میں مصروف رہی۔ بالخصوص "عدن" کے علاقے میں ہونے والی گھمسان کی جھڑپیں 17اکتوبر کو موصل کی آزادی کا آپریشن شروع ہونے کے بعد سے اب تک کے شدید تریم معرکوں میں سے ہیں۔عراقی وزارت دفاع کے زیر انتظام انسداد دہشت گردی کے ادارے کے ایک کیپٹن علی ذوالفقار کا کہنا ہے کہ ادارے کی خصوصی ٹیم نے بدھ کے روز عدن کے علاقے پر دھاوا بول دیا جس کے بعد گھروں کے درمیان اور بلند عمارتوں پر موجود داعش کے مسلح عناصر کے ساتھ شدید جھڑپیں ہوئیں۔

عراقی فورسز نے موصل شہر کے شمال میں فضائیہ کی معاونت سے نیا حملہ شروع کیا ہے۔ اس دوران اسے داعش تنظیم کے عناصر کی جانب سے راکٹ حملوں اور خودکش بم باروں کا سامنا ہے۔ عراقی فورسز موصل کے مشرق میں التحریر کے علاقے کی جانب پیش قدمی کر رہی ہیں۔عراقی عسکری ذرائع نے بتایا کہ موصل کے مشرق میں آزاد کرائے جانے والے علاقوں پر داعش تنظیم کی اندھادھند بم باری سے 10شہری زخمی ہو گئے۔ عراقی انسداد دہشت گردی کی فورس نے موصل کے مشرق حصے میں البکر کے علاقے پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے جو داعش تنظیم کا ایک اہم گڑھ شمار کیا جاتا ہے۔ اب یہ فورس شہر کے مرکز سے محض 4کلومیٹر کے فاصلے پر ہے جہاں تنظیم کے جنگجو روپوش ہیں۔فورس کے کمانڈر عبدالوہاب الساعدی کا کہنا ہے کہ مذکورہ علاقے کے اطراف میں لڑائی کے دوران درجنوں شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ بین الاقوامی اتحادی طیاروں کی معاونت سے تنظیم کے بھاری ہتھیاروں اور گولہ بارود سے بھری گاڑیوں کو بھی تباہ کر دیا گیا۔دوسری جانب نائنتھ آرمرڈ ڈویژن نے اپنے طور پر پیش قدمی کے دوران موصل کے جنوب مشرق میں شدت پسندوں کو بڑے پیمانے پر نقصان سے دوچار کیا۔ شہر کے جنوب میں وفاقی پولیس نے البو سیف کے علاقے کا محاصرہ کر لیا ہے اور اب علاقے پر حملے کی تیاری کی جا رہی ہے ۔


Share: